ایمنسٹی انٹرنیشنل کا سنسنی خیز انکشاف: مودی حکومت غزہ میں اسرائیلی پیش قدمی کی معاونت کر رہی ہے

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا سنسنی خیز انکشاف: مودی حکومت غزہ میں اسرائیلی پیش قدمی کی معاونت کر رہی ہے

Jul 31, 2026|ویب ڈیسک

اکتوبر 2023 سے نومبر 2025 تک بھارت سے اسرائیل کو فوجی آلات اور ہتھیاروں کی 2,596 کھیپیں بھیجی گئیں

​نئی دہلی / لندن — ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ ترین تحقیقاتی رپورٹ میں مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت، اسرائیل کو مسلسل مہلک اسلحہ اور ملٹری آلات فراہم کر کے غزہ میں بین الاقوامی جرائم کی معاونت کا مرتکب ہو رہا ہے۔

​رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے 30 نومبر 2025 کے دوران بھارت کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں، گولہ بارود اور فوجی آلات کی 2,596 سے زائد کھیپیں منتقل کی گئیں۔

اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کو بھیجے گئے مہلک آلات کی تفصیلات

​ایمنسٹی کی رپورٹ کے مطابق ان برآمدات میں مشین گن کے پرزے، توپ خانے کے گولے، ڈرون وارہیڈز اور بکتر بند گاڑیوں کے اجزا شامل ہیں۔ یہ سامان اسرائیل کی معروف دفاعی کمپنیوں 'ایلبٹ سسٹمز'، 'رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز' اور 'اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز' کو موصول ہوا۔

​اہم اعداد و شمار:

​390,516 ہتھیاروں کے پرزے

​564,970 دھماکہ خیز اسلحے کے اجزا

​298 فوجی اور بکتر بند گاڑیوں کے پرزے

​رپورٹ میں بھارتی سرکاری کمپنی میونیشنز انڈیا لمیٹڈ سمیت متعدد نجی اسلحہ ساز اداروں کی برآمدات کو نامزد کیا گیا ہے۔

بھارتی قانونی نظام میں شفافیت اور جواب دہ کا فقدان

​ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نشاندہی کی ہے کہ بھارت کے موجودہ قانونی نظام میں اسلحہ برآمد کرنے سے قبل بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور خطرات کو جانچنے کا کوئی قانونی میکانزم موجود نہیں ہے۔ بھارت نے عالمی سطح پر اسلحے کی تجارت کے معاہدے (ATT) پر بھی دستخط نہیں کیے ہیں۔

​"بین الاقوامی عدالتِ انصاف (ICJ) کے واضح احکامات کے بعد بھارت لا علمی کا جواز پیش نہیں کر سکتا۔ اسرائیلی فوج کو ملٹری سامان فراہم کرنے والی بھارتی کمپنیاں بین الاقوامی جرائم میں شراکت دار بن سکتی ہیں۔" — ایمنسٹی انٹرنیشنل

فوری اسلحہ پابندی کا مطالبہ

​تنظیم نے بتایا کہ جون اور جولائی 2026 میں بھارتی حکومت سے اس معاملے پر موقف مانگا گیا تھا، لیکن نئی دہلی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

​ایمنسٹی نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو تمام اقسام کے ہتھیاروں اور فوجی آلات کی منتقلی فوری طور پر روکے، جبکہ عالمی برادری سے اسرائیل پر جامع اسلحہ پابندی عائد کرنے اور متاثرہ فلسطینیوں کی داد رسی کا زور دیا ہے