نیو یارک( شوبز ڈیسک)امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ ٹیلر سوئفٹ نے دولت کے لحاظ سے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی امیر ترین خاتون گلوکارہ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔تازہ مالیاتی جائزوں کے مطابق مارچ 2026 تک ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت دو ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد وہ عالمی موسیقی کی صنعت کی سب سے زیادہ دولت مند خاتون فنکار بن گئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ان کی آمدنی کا بڑا حصہ موسیقی، براہِ راست پرفارمنس اور کنسرٹس سے حاصل ہوا، جبکہ دیگر معروف شخصیات کے برعکس انہوں نے اپنی دولت کا انحصار تجارتی معاہدوں یا کاروباری منصوبوں پر کم رکھا۔ٹیلر سوئفٹ کی مالی کامیابی میں عالمی سطح پر منعقد ہونے والے کنسرٹ دوروں، موسیقی کی فروخت اور اپنے گانوں کے حقوق پر بڑھتے ہوئے اختیار نے اہم کردار ادا کیا۔ خاص طور پر 2023 اور 2024 کے دوران ہونے والا "ایراز ٹور" غیر معمولی کامیابی ثابت ہوا، جسے تاریخ کا سب سے زیادہ آمدنی دینے والا موسیقی دورہ قرار دیا گیا۔ اس سے اربوں ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی۔گلوکارہ نے چند برس قبل اپنے پرانے موسیقی البمز کو دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی تخلیقات کے حقوق پر مکمل اختیار حاصل کر سکیں۔ اس حکمتِ عملی کے نتیجے میں انہیں رائلٹی کی آمدن سے بھی نمایاں مالی فائدہ پہنچا۔یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ 2024 میں ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل ہوئی تھیں، جبکہ صرف دو برس کے عرصے میں ان کی دولت دو ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ اپنے کامیاب فنی سفر کے دوران وہ متعدد عالمی شہرت یافتہ گیت پیش کر چکی ہیں، جنہیں دنیا بھر میں کروڑوں افراد پسند کرتے ہیں۔