وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی اور زیر تربیت افسران سے خطاب کیا۔
وزیراعظم نے قومی خودمختاری کے تحفظ اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج کی تاریخی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے اور کشیدگی پر قابو پانے کی حکمت عملی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے بھی پاکستان کے بالغ نظر، دانشمندانہ اور منصفانہ مؤقف کو تسلیم کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ “آپریشن غضبُ الحق” پوری قوت کے ساتھ جاری ہے تاکہ افغان طالبان کے حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسی عناصر کے خلاف معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور سہولت کاری کے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
دوست ممالک کے افسران کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے عسکری سفارتکاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک ذمہ دار اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ و اطلاعات اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
قبل ازیں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کیا۔