اسلام آباد:* پاکستان اور جاپان نے پیٹرولیم شعبے خصوصاً جیو سائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شوئیچی کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے جیو سائنسز، لیبارٹری طریقہ کار، سائنسی تحقیق اور تکنیکی استعداد بڑھانے کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان جیو سائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبے میں طویل عرصے سے سائنسی تعاون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے تعاون سے قائم ہونے والی جیو سائنس ایڈوانسڈ ریسرچ لیبارٹریز دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگِ میل ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اپنے معدنی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپ گریڈ کر رہا ہے تاکہ روایتی طریقوں کی جگہ جدید سائنسی نظام متعارف کرایا جا سکے۔
جاپانی سفیر نے پاکستان کی سائنسی انفراسٹرکچر مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جیو سائنسز کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور سائنسی تبادلوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔