ایس او ایس ویلیج کوئٹہ کی یتیم بچیوں نے بیوٹیشن کورس مکمل کرلیا
کوئٹہ: ایس او ایس ویلیج کی بچیوں کو فنی تربیت کی فراہمی، اسناد تقسیم
کوئٹہ: ایس او ایس ویلیج کوئٹہ کی 10 یتیم اور بے سہارا بچیوں نے ایک سالہ بیوٹیشن کورس کامیابی سے مکمل کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ ادارے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بچیوں کی باقاعدہ فنی و پیشہ ورانہ تربیت مکمل ہونے پر ایک باوقار تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس او ایس ویلیج گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں باوقار مستقبل فراہم کرنے کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق بچیوں کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے یہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرام ایک شاندار اور لائقِ تحسین اقدام ہے۔
صوبائی رہنما ظہور بلیدی نے تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ بلیدی کا کہنا تھا کہ خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے پیچھے نہیں ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے یکساں اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔ تقریب کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں