تربت میں عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر 120 بستروں پر مشتمل جدید ترین ایف سی اسپتال کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
یہ ہسپتال ایک سال سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا ہے اور اسے ایف سی بلوچستان ساتھ کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔
ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی اور ٹراما کیئر سروسز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد ممکن بنائی جا سکے۔طبی سہولیات کے لحاظ سے اسپتال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، جہاں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور الٹراسانڈ سمیت اہم تشخیصی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں بہتر اور محفوظ طبی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ہسپتال میں جنرل میڈیسن سے لے کر نیورو سرجری تک مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دیں گے، جبکہ جدید آپریشن تھیٹرز بھی فعال کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ اسپتال میں آکسیجن جنریشن پلانٹ، 1.1 میگاواٹ پاور بیک اپ اور عالمی معیار کے مطابق انفیکشن کنٹرول اور صفائی کا جدید نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اسپتال علاقے میں صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو مقامی آبادی کو جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں مدد دے گا۔