پاکستانی ثالثی کے ذریعے ایران امریکی تجاویز کا جائزہ لینے میں مصروف
تہران: ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران جنگ بندی سے متعلق امریکا کی تازہ تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے پاکستانی ثالثی کے ذریعے جاری ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے نور نیوز کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان پاکستانی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ مسلسل جاری ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات “ایران کے 14 نکاتی اصل مؤقف” کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، “ایران کے 14 نکاتی اصل متن کی بنیاد پر کئی مواقع پر پیغامات کا تبادلہ کیا گیا ہے۔”
اسماعیل بقائی نے مزید کہا، “ہمیں امریکی مؤقف موصول ہوا ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی تہران کے دورے پر موجود ہیں اور اسلام آباد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
حالیہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں بڑھ رہی ہیں جب امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد کے حکام کے مطابق پاکستان ان مذاکرات میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ بات چیت میں جنگ بندی اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق امور زیر غور ہیں۔