کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان کے نامور مرحوم اداکار شفیع محمد شاہ کے خاندان پر ایک اور غم کا سایہ چھا گیا ہے۔ ان کی بیٹی ارسلانہ محمد شاہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔ارسلانہ محمد شاہ کے انتقال کی خبر ان کی بہن نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ارسلانہ کو اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جس کے نتیجے میں وہ دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ارسلانہ محمد شاہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ تھیں اور مختلف ٹی وی چینلز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی تھیں۔ ان کے قریبی حلقوں کے مطابق وہ نہ صرف ایک محنتی پروفیشنل تھیں بلکہ اپنی نرم خو، ہمدرد اور انسان دوست شخصیت کی وجہ سے بھی پہچانی جاتی تھیں۔خاندانی بیان کے مطابق ارسلانہ شوٹنگ سیٹس پر کام کرنے والے تمام افراد کے ساتھ احترام اور محبت سے پیش آتی تھیں۔ وہ خاموشی سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کرتی تھیں، کئی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کردار ادا کیا اور کبھی اپنی نیکیوں کی تشہیر نہیں کی۔اپنی بہن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بہن نے کہا کہ ’’ہم نے صرف ایک بہن نہیں بلکہ انسانی روپ میں ایک فرشتہ کھو دیا ہے۔‘‘ارسلانہ محمد شاہ اپنے پیچھے اپنی بیٹی ام البنین کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں، جبکہ ان کے انتقال پر شوبز اور میڈیا حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔