بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سال 2026 کے سالانہ میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں اس سال طلبہ نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی) لورالائی کے احمد نے 1051 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ بی آر سی ژوب کے مطیع اللہ نے 1050 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بی آر سی لورالائی کے یونس خان اور محمد مدثر نے 1046، 1046 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بورڈ حکام کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 77 ہزار 251 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 69 ہزار 2 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ امتحانات کا مجموعی پاس فیصد 89.32 فیصد رہا۔
نویں جماعت کے امتحانات میں 68 ہزار 517 طلبہ شریک ہوئے، جبکہ 50 ہزار 400 طلبہ کامیاب ہوئے۔ نویں جماعت کا مجموعی پاس فیصد 73.56 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ نتائج صوبے بھر میں تعلیمی معیار میں بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق اس سال طلبہ نے نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ مجموعی نتائج تعلیمی شعبے میں مسلسل بہتری کا اشارہ دیتے ہیں۔
نتائج کے اعلان کے بعد بلوچستان بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ طلبہ، والدین اور اساتذہ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبے میں تعلیم کے بہتر مستقبل کے لیے امید کا اظہار کیا