وا شنگٹن( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں جانے والے صومالی ریفری عمر ارتان کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔صومالیہ کی وزارتِ کھیل کے ایک مشیر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایوارڈ یافتہ ریفری عمر ارتان کو ٹورنامنٹ کے لیے امریکا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، جہاں انہیں ورلڈ کپ کے دوران میچز میں ذمہ داریاں انجام دینا تھیں۔صومالی حکام کے مطابق عمر ارتان ملک کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ میں نمائندگی کرنے والے پہلے ریفری تھے، اور ان کی شرکت صومالی فٹبال کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی تھی۔حکام نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں طے شدہ میچز میں شرکت سے روکنا نہ صرف ان کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ یہ کھیلوں کی روح اور بین الاقوامی فٹبال اصولوں کے بھی منافی ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام کے باعث عالمی سطح پر صومالیہ کی نمائندگی بھی متاثر ہوئی ہے۔