بنگلا دیش( سپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔کرکٹ سے متعلق ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے خاندانی وجوہات کی بنا پر اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کی ہے۔شان ٹیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور قومی ٹیم کے ساتھ گزرنے والے بارہ ماہ ان کے لیے انتہائی یادگار اور خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم اور بورڈ کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔یاد رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے شان ٹیٹ کے ساتھ نومبر 2027 تک معاہدہ کیا تھا، تاہم انہوں نے معاہدے کی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔شان ٹیٹ بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اس سے قبل پاکستان، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال ان کے متبادل کوچ کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔