لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم کے کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں 49 کھلاڑیوں کو مختلف کیمپس کے لیے طلب کیا ہے، جن میں 22 کھلاڑی ٹیسٹ جبکہ 27 کھلاڑی وائٹ بال فارمیٹس (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ریڈ بال (ٹیسٹ) کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ وائٹ بال کیمپ 18 ستمبر تک چلنے کا امکان ہے۔ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ممکنہ کیمپ 15 جولائی سے شروع کیا جائے گا۔بورڈ کے تھنک ٹینک نے فیصلہ کیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیمپ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، تاہم انہیں وائٹ بال اسکواڈ کے 27 کھلاڑیوں میں شامل رکھا گیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ 15 جون کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔26 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے دسمبر 2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، جبکہ آخری ٹیسٹ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔ اپنے کیریئر میں وہ 34 ٹیسٹ میچوں میں 126 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔بنگلہ دیش کے خلاف آخری سیریز میں ان کی کارکردگی پر تنقید بھی سامنے آئی تھی، جہاں ان کی بولنگ رفتار میں کمی کو نمایاں کیا گیا۔ اس کے بعد انہیں دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔