اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ڈائمنڈ جوبلی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان فٹبال ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس فتح کو قومی فخر قرار دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل، مضبوط عزم اور شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلا باضابطہ بین الاقوامی ٹائٹل ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فٹبال ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ میدان میں اتر کر ملک کا پرچم بلند کرتی رہے گی۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھی قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ سبز جرسی والی ٹیم نے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں نے غیر معمولی کھیل اور بھرپور جذبے کے ساتھ تاریخ رقم کی، اور طویل عرصے بعد بین الاقوامی ٹائٹل جیتنا پاکستان فٹبال کے لیے نئے دور کا آغاز ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ فتح ہر کھلاڑی اور کھیل سے وابستہ افراد کے لیے حوصلہ افزائی اور قابل تقلید مثال ہے۔