لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ہاکی کی دنیا میں گول کیپرز کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے پاکستان کے سابق اسٹار کھلاڑی سہیل عباس 51 برس کے ہوگئے۔پاکستان کی قومی ٹیم کے مایہ ناز پنالٹی کارنر ماہر سہیل عباس نے اپنے شاندار کیریئر میں ملک کے لیے مجموعی طور پر 348 بین الاقوامی گول اسکور کیے، جو ایک ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے ایک سال میں سب سے زیادہ 59 گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس کے علاوہ وہ بوسان ایشیائی کھیلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے، تیز ترین 200 گول مکمل کرنے اور اولمپکس مقابلوں میں دو مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے والے منفرد دفاعی کھلاڑی بھی رہے۔ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں عالمی ہاکی میں ایک نمایاں مقام دلایا اور وہ آج بھی پاکستان ہاکی کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔