جاپان: اٹھارہ سال سے کم عمر ایشیائی ہاکی کپ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اہم گروپ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔کاکامیگاہارا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ نے دو گول اسکور کیے، جبکہ عدیل، آسام اور محمد یحییٰ نے ایک، ایک گول کر کے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔بنگلادیش کی طرف سے تیرک اسلام اور منا اسلام نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ قومی ٹیم کے محمد یحییٰ کو عمدہ کھیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے دوران پاکستانی فارورڈز نے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا، جبکہ مڈفیلڈ اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف سیمی فائنل میں جگہ بنائی بلکہ اعزاز جیتنے کے مضبوط امیدوار کے طور پر بھی اپنی حیثیت منوا لی ہے۔ سیمی فائنل میں قومی ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 5 جون کو ہوگا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے کی مسلسل محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی جونیئر ٹیم سیمی فائنل میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرے گی اور ملکی ہاکی کے روشن مستقبل کو مزید مضبوط بنائے گی۔