لاہور ( سپورٹس ڈیسک)لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز سکور کیے۔ ایڈم زیمپا 10 رنز کے ساتھ دہرے ہندسے میں داخل ہونے والے دیگر بلے باز رہے، جبکہ باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز زیادہ مضبوط نہ رہا اور صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تاہم معاذ صداقت نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 27 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر بیٹنگ آسان نہ تھی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ غازی غوری 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے 33 رنز کی شراکت قائم کی۔بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 40 رنز بنائے، لیکن 112 کے مجموعے پر ان کے آؤٹ ہونے سے میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ اسی سکور پر عرفات منہاس بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔مشکل صورتحال میں شاداب خان اور عبدالصمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی ناقابلِ شکست 49 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کونہمین نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیتھن ایلس، میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف فیصلہ کن میچ جیتا بلکہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کر کے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔