لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے طویل عرصے کے بعد چاروں صوبائی اور علاقائی ایسوسی ایشنز سے مشاورت مکمل کرکے ملک بھر میں فٹ بال کے صوبائی، علاقائی اور ضلعی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع قومی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اور میڈیا ڈائریکٹر نے ایک گفتگو میں بتایا کہ یہ نیا روڈ میپ ملک میں فٹ بال کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت صوبائی اور علاقائی ایسوسی ایشنز میں پیشہ ور جنرل سیکرٹریز کی تعیناتی میں مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ مقامی سطح پر فٹ بال کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔فیڈریشن کے صدر نے اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی اور مکمل تعاون کا اظہار کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ضلعی سطح پر چیمپئن شپ مقابلے، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹس، بہتر انتظامی نظام اور نچلی سطح پر کھیل کی ترقی کے اقدامات شامل ہوں گے۔عہدیداروں کے مطابق یہ منصوبہ ضلعی فٹ بال چیمپئن شپس کے آغاز کے ذریعے ملک میں کھیل کے مستقبل کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط قومی ٹیمیں ہمیشہ نچلی سطح کے منظم ڈھانچے سے ہی وجود میں آتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر معیاری کھلاڑی تیار کرنے ہیں تو ضلعی سطح پر باقاعدہ اور مستقل کھیلوں کی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ نظام نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، مقامی کلبوں کی مضبوطی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے واضح مواقع فراہم کرے گا۔فیڈریشن کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے ملک بھر میں ضلعی چیمپئن شپس کا آغاز کیا جائے گا، جس سے غیر فعال یا فرضی کلبوں کی نشاندہی اور ان کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی، جبکہ حقیقی اور فعال کلبوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔