ممبئی:نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مچل سینٹنر نے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مکمل رقم ادا نہیں کی گئی۔مچل سینٹنر کے مطابق ممبئی انڈینز نے لیگ میں شرکت کے عوض طے شدہ معاوضے کا صرف نصف حصہ ادا کیا، جبکہ باقی رقم تاحال واجب الادا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اپنے بچے کی پیدائش کے باعث وہ ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ نہیں کھیل سکے۔ بعد ازاں واپسی پر دہلی کے خلاف میچ میں شرکت کی، تاہم دورانِ کھیل زخمی ہو گئے اور ایک ہفتے کے لیے میدان سے باہر رہنا پڑا۔کیوی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ ٹیم کا حصہ بنے لیکن ایک بار پھر انجری کا شکار ہو کر وطن واپس جانا پڑا۔ ابتدا میں اندازہ تھا کہ مکمل فٹ ہونے میں آٹھ ہفتے لگیں گے، تاہم وہ چار ہفتوں میں ہی صحت یاب ہو گئے۔مچل سینٹنر نے کہا کہ توقع سے جلد فٹ ہونے پر ان کے بارے میں مختلف باتیں کی جا رہی ہیں، حالانکہ انہوں نے تمام مراحل طبی مشورے کے مطابق طے کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیگ کے قواعد کے تحت اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہو جائے تو اسے معاہدے کے وقت طے شدہ رقم کی ادائیگی کی جاتی ہے۔