لاہور ( سپورٹس ڈیسک)بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ویمنز چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول میں تبدیلی کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کو بھی اپنے ویمن کرکٹ پروگرام میں رد و بدل کرنا پڑ گیا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ویمنز چیمپئنز ٹرافی، جو پہلے جون میں منعقد ہونا تھی، اب فروری اور مارچ کے درمیان کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس تبدیلی کے باعث آسٹریلیا کے ویمن کرکٹ سیزن کا شیڈول متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں کرکٹ آسٹریلیا نے نیا پروگرام جاری کر دیا ہے۔اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیریز کے ساتھ ٹکراؤ کا شکار ہو رہا تھا، جس کے باعث شیڈول میں تبدیلی ناگزیر ہو گئی۔نئے شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی سیریز اور مارچ میں ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔اسی طرح بنگلہ دیش ویمن ٹیم، جو اکتوبر میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی تھی، اب نئے شیڈول کے تحت صرف اکتوبر میں تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔یہ تبدیلیاں بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہیں۔