لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کے سپرد کر دی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایشین گیمز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ایشین گیمز میں مردوں کے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آچی میں شروع ہوں گے، جبکہ تمغوں کے فیصلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کی جانب سے اب تک 46 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں 1305 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور دس نصف سنچریاں شامل ہیں۔نوجوان کھلاڑیوں میں عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی بار قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بننے کے منتظر ہیں۔اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان، نائب کپتان عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔اسکواڈ کے بیشتر کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ میں بھی شریک ہوں گے، جہاں ایشین گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔