زیورخ: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے تمام 48 ٹیموں کے دستے حتمی شکل اختیار کر چکے ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 1248 کھلاڑی شرکت کریں گے، جس کے ساتھ یہ عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ بن گیا ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ عالمی کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہر گروپ چار ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق 357 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے بھی عالمی کپ میں شرکت کر چکے ہیں، جبکہ 891 کھلاڑی پہلی مرتبہ اس بڑے مقابلے کا حصہ بنیں گے۔فٹبال کے عظیم ستارے لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور گیلرمو اوچوا اپنے کیریئر کا چھٹا عالمی کپ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔اس بار کیپ ورڈے، کوراساؤ، اردن اور ازبکستان پہلی مرتبہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ٹورنامنٹ میں سب سے کم عمر کھلاڑی 17 سال جبکہ سب سے زیادہ عمر کا کھلاڑی 43 برس کا ہے۔ ایونٹ میں 40 سال سے زائد عمر کے 7 کھلاڑی اور 20 سال سے کم عمر کے 22 نوجوان فٹبالرز بھی شامل ہیں۔دنیا کے سب سے بڑے فٹبال مقابلے کا آغاز 12 جون سے ہوگا، جس کا دنیا بھر کے شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔