نیویارک ( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ ٹکٹس کی بڑھتی قیمتوں پر عوامی ردعمل کے بعد شہر کے میئر زہران ممدانی نے مقامی شہریوں کے لیے خصوصی رعایتی ٹکٹس اسکیم متعارف کرا دی ہے۔اس اسکیم کے تحت منتخب شہری 50 ڈالر میں ورلڈ کپ میچز کے ٹکٹس حاصل کر سکیں گے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے رہائشیوں کے لیے تقریباً ایک ہزار ٹکٹس مختص کیے گئے ہیں، جو گروپ مرحلے اور ناک آؤٹ مقابلوں کے لیے دستیاب ہوں گے، تاہم فائنل میچ اس اسکیم میں شامل نہیں ہوگا۔رپورٹس کے مطابق ٹکٹس کی تقسیم لاٹری نظام کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہر میچ کے لیے تقریباً 150 نشستیں مختص ہوں گی جبکہ کامیاب افراد زیادہ سے زیادہ دو ٹکٹس خرید سکیں گے۔اس اسکیم میں میچ تک آنے جانے کے لیے سفری سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔میئر زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عام شہریوں کو عالمی کھیلوں کے بڑے مقابلے سے جوڑنا اور مہنگے ٹکٹس کے باعث شائقین کی محرومی کم کرنا ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ ٹکٹس کی قیمتوں اور متغیر نرخوں کے نظام پر پہلے ہی شدید تنقید کی جا رہی ہے، جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے مقامی شائقین کے لیے مزید رعایتی سہولتوں کا مطالبہ بھی سامنے آ رہا ہے۔
نیویارک میں ورلڈ کپ کے سستے ٹکٹس متعارف، شہریوں کیلئے خصوصی اسکیم کا اعلان
واپس خبروں پر
Category:
کھیل