کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مبینہ طور پر ایک شخص کی جانب سے اپنی اہلیہ اور چار کمسن بچوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر واقعے کے تمام محرکات، حقائق اور ابتدائی تحقیقات پر مشتمل رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے واضح کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل سمجھتی ہے اور ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔