بلوچستان میں کامیاب آپریشن: وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، 11 دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، شہباز شریف نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے اور واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرکے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور فتنہ الخوارج سمیت دیگر تمام دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔