پاکستان میں IBI ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کا افتتاح، پاک چین ٹیکنالوجی تعاون میں اہم پیش رفت
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، ٹیکنالوجی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چینی ٹیکنالوجی کمپنی IBI بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں IBI ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
یہ ہیڈکوارٹر پاکستان کے اسپیشل ٹیکنالوجی زون (STZ) میں قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تجارت، ٹیکنالوجی اشتراک اور معاشی روابط کو فروغ دینا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا گیا
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ منصوبہ گزشتہ سال وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران ہونے والے معاہدوں کا عملی نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) نے سرکاری رکاوٹوں کو دور کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی کاروباروں کو چینی مارکیٹ تک رسائی
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ IBI کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کو تقریباً 31 لاکھ چینی کمپنیوں تک براہِ راست رسائی فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی برآمد کنندگان کو سپلائی چین بہتر بنانے، اخراجات کم کرنے اور چینی مارکیٹ میں داخلے میں آسانی ملے گی۔
چینی کمپنی کا پاکستانی تعاون پر اظہارِ اطمینان
IBI کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چیان ژیاؤجون نے پاکستان میں ملنے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ SIFC نے منصوبے کے قیام کے ہر مرحلے پر مؤثر اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔
مقامی کاروباری برادری کا خیر مقدم
کاروباری برادری نے بھی اس منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔ فریش پروڈیوس اور فوڈ سیکٹر کے نمائندے محمد ریاض نے کہا کہ SIFC کی کوششوں سے کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں ٹیکنالوجی، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔