ستمبر 1965 کی جنگ کا آٹھواں روز: پاک افواج کے تابڑ توڑ حملے، 70 بھارتی طیارے تباہ

ستمبر 1965 کی جنگ کا آٹھواں روز: پاک افواج کے تابڑ توڑ حملے، 70 بھارتی طیارے تباہ

Sep 8, 2026|ویب ڈیسک

ستمبر 1965 کی جنگ کا آٹھواں روز: پاک افواج کے تابڑ توڑ حملے، 70 بھارتی طیارے تباہ


ویب ڈیسک: ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے آٹھویں روز دشمن فوج کو ہر محاذ پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلسل ناکامیوں اور پسپائی سے شدید مایوس ہو کر بھارتی فضائیہ نے بزدلانہ کارروائیوں کا آغاز کیا اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی حملوں سے دشمن کی کمر توڑ دی۔


بھارتی فضائیہ نے وزیر آباد، چنیوٹ اور سرگودھا کی شہری آبادی سمیت سیالکوٹ کے ہسپتالوں اور ضلعی عدالتوں پر بمباری کی۔ اس کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں کو لاہور اور سیالکوٹ کے علاقوں سے مار بھگایا۔ پاک فوج نے سیالکوٹ سیکٹر میں دشمن کے 21 ٹینک تباہ کیے اور بھاری مقدار میں جنگی ساز و سامان قبضے میں لے لیا۔ افواجِ پاکستان کی ان شاندار کامیابیوں پر عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا اور بڑی تعداد میں شہری اپنے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے گھروں سے نکل آئے۔ مقبوضہ کشمیر کے محاذ پر بھی بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور سری نگر سے کارگل کو ملانے والی 3 میل طویل اہم سڑک مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔


دوسری جانب پاک بحریہ اور فضائیہ نے بھی دشمن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ پاک بحریہ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گھنٹے کے کامیاب طویل آپریشن کے بعد بھارت کے مضبوط ترین دوارکا بحری اڈے اور ریڈار اسٹیشن کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ دریں اثناء، پاک فضائیہ نے لدھیانہ کے قریب ہلواڑہ کے مقام پر بھارتی فضائیہ کے اڈوں پر زبردست حملہ کیا اور محض 36 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد بھارتی طیارے تباہ کر کے فضاؤں پر اپنی مکمل حکمرانی قائم کر لی۔