اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر معاونت اور پالیسی سپورٹ کے باعث پاکستان کے توانائی شعبے، ریفائنری اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی بجٹ 2026-27 سے قبل مقامی آئل ریفائنریز کو درپیش ایک اہم اور دیرینہ ٹیکس مسئلے کے حل کے لیے ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی سے متعلق مالیاتی رکاوٹوں کے خاتمے سے ملک میں ریفائنری نظام کی جدید کاری کے عمل میں نمایاں تیزی آنے کی توقع ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مقامی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں اضافہ عالمی منڈیوں کو مثبت پیغام دے گا، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کی بلند قیمتوں اور ماضی کی غیر مستقل مالیاتی پالیسیوں کے باوجود پاکستانی کاروباری برادری نے غیر معمولی استحکام کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی کی مداخلت اب کاروباری ماحول کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
پالیسی اصلاحات اور صنعتی اپ گریڈیشن کے نتیجے میں پاکستان درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے، توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے کے قابل ہو سکے گا۔
ان اقدامات کے ذریعے ایس آئی ایف سی ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے پائیدار صنعتی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور طویل المدتی معاشی استحکام کی راہ ہموار کر رہی ہے۔