میرانشاہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک
میرانشاہ — شمالی وزیرستان کے علاقے خوزی درپہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔