گوادر میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا
کوئٹہ (خصوصی رپورٹ): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کا تخریبی منصوبہ ناکام بنانے اور 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا، جس پر پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں ملکی تاریخ کا درخشاں باب ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ فتنۃ الہند کے دہشت گرد صوبے کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو سبوتاژ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنا کر عوام کو خوفزدہ کرنے والوں کا راستہ ہر قیمت پر روکا جائے گا اور صوبے کے روشن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، اور عوام سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ امن دشمنوں کو شکست دیں گے۔