افغان سرحد پر روس اور ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع
تاشقند (مانیٹرنگ ڈیسک): افغانستان سے سرحد پار دراندازی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر روس اور ازبکستان نے اپنی سرحدوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ فوجی مشقوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
ازبک جریدے ’دی تاشکند ٹائمز‘ کے مطابق دونوں ممالک نے افغان سرحد کے قریب واقع ازبکستان کے سرحدی شہر ترمذ میں مشترکہ فوجی مشقیں ’کوآپریشن 2026‘ شروع کر دی ہیں۔ 20 سے 27 اکتوبر تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں روس اور ازبکستان کے خصوصی فوجی دستے، جدید جنگی ڈرونز اور گن شپ ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان مشترکہ مشقوں کا بنیادی مقصد افغان سرزمین سے دہشت گرد عناصر کی ممکنہ دراندازی کو روکنا اور وسطی ایشیا میں سرحدی دفاعی صلاحیتوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر بنانا ہے۔
دوسری جانب، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی حال ہی میں افغانستان سے جنم لینے والے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ تاجکستان اور ازبکستان کے سرحدی علاقوں سے ملحقہ افغان حدود میں دہشت گردوں کے بڑے تربیتی کیمپ اب بھی موجود ہیں، جن سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔