وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن “غضبُ الحق” پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کالج کے افسران اور فیکلٹی سے خطاب میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج کی کامیابیوں کو تاریخی قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں ذمہ دارانہ اور محتاط طرزِ عمل اختیار کیا اور ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج آمد پر استقبال کیا، جبکہ وفاقی وزراء اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے انہیں ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔
دورہ کوئٹہ کے دوران وزیراعظم نے بلوچستان ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے قیام کے دوران گورنر بلوچستان اور مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔