کوئٹہ: پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے کوئٹہ میں بیکن ہاؤس اسکول سسٹم، جونیپر کیمپس میں پہلا اسٹوڈنٹ مینٹل ہیلتھ ایمبیسیڈر پروگرام ورکشاپ کامیابی سے منعقد کیا۔
یہ ورکشاپ پاکستان پائلٹ پروجیکٹ کے تحت منعقد کی گئی، جو اقوام متحدہ کے یوتھ آفس اور یو این پاکستان کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔
اس تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور فٹبال حکام نے شرکت کی اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ نوجوانوں کی جذباتی اور ذہنی فلاح و بہبود کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس اقدام کا مقصد فٹبال کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ذہنی صحت اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مثبت گفتگو کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر ڈاکٹر محمد علی، بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جمیل احمد سرپراہ، سیکرٹری امین اللہ کاکڑ اور PFF کے ڈائریکٹر لیگل علی اکرم نے بھی اس سیشن میں شرکت کی۔
انہوں نے کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔