پاکستان چین اسٹریٹجک شراکت داری علاقائی ترقی اور نوجوانوں کے مواقع کا ذریعہ ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ شراکت داری علاقائی ترقی، استحکام اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اس اسٹریٹجک تعاون کی مضبوط علامت ہے۔
پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور خطے میں امن و معاشی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کو “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو ریلیشن شپ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد، مسلسل تعاون، مشترکہ مقاصد اور قریبی اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
گورنر بلوچستان نے چینی صدر شی جن پنگ اور عوامِ چین کو سفارتی تعلقات کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میگا پراجیکٹ سی پیک کا “تاج” ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے خصوصاً بلوچستان میں پاکستان کی معاشی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور صوبہ تجارت و کاروباری سرگرمیوں کا بڑا مرکز بن جائے گا۔
شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کا جغرافیائی محل وقوع اسے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ایک اہم تجارتی راہداری بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کو معاشی سرگرمیوں، جدت، تجارت اور روزگار کے مواقع کا متحرک مرکز بنانے میں مدد دے گا، جبکہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
گورنر بلوچستان نے عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل 16 رکنی وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی سرکاری جامعات کی ترقی اور طلبہ کے لیے اسکالرشپس سے متعلق جلد اہم اعلانات کیے جائیں گے۔
انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سائنس، فلسفہ اور جدید تعلیم تک رسائی بہتر بنانے اور بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔