نوشکی: ضلعی انتظامیہ نوشکی کے زیرِ اہتمام ’معرکہ حق‘ کی مناسبت سے ایک پروقار اور پرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور سرکاری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے قومی اتحاد کا عملی ثبوت دیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں مارچ
ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشکی عمر سنان جمالی نے کی۔ یہ واک ڈی سی آفس نوشکی سے شروع ہوئی، جس میں ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حب الوطنی، امن کی اہمیت اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔
قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم
شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی ریلی واپس ڈی سی آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ نوشکی کے عوام اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملکی سلامتی، استحکام اور امن کی خاطر پوری قوم متحد ہے اور دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔