کوئٹہ — سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ شہر میں موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جس کی تصدیق حکام نے کر دی ہے۔
صوبائی حکومت کے مشیر برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ یہ اقدام مختصر مدت کے لیے ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور موجودہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔
مشیر داخلہ کے مطابق موبائل ڈیٹا سروسز چند گھنٹوں کے لیے معطل کی گئی ہیں اور جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی، سروسز مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور پرامن رہیں۔
بابر یوسفزئی نے عوام کو پیش آنے والی تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے اور جلد معمولات زندگی بحال ہو جائیں گے۔