محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں 55 فیصد امکان کے ساتھ بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا
صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد، پشاور، صوابی، مردان، ملاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک اور وزیرستان میں کہیں کہیں بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی اور وسطی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ تاہم راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، مری، گلیات، سرگودھا، نورپور تھل، خوشاب، جھنگ، میانوالی، لیہ اور بھکر میں چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
سندھ
سندھ میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ژوب، سبی، بارکھان، لورالائی اور موسیٰ خیل میں دوپہر کے وقت جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش، آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان
کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے جبکہ کشمیر میں بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسم
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہی۔ تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نورپور تھل اور شہید بینظیر آباد میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
مختلف شہروں کا درجہ حرارت
- اسلام آباد: 27 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ
- لاہور: 27 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ
- کراچی: 28 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ
- پشاور: 23 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ
- کوئٹہ: 17 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ
- گلگت: 14 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ
- مری: 15 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ
- فیصل آباد: 27 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ
- ملتان: 28 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ