وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران پانچ جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی، نائب فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز کی قربانیوں کو قوم کا فخر قرار دیا۔
دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم
وزیر داخلہ نے سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ 'فتنہ الہندوستان' اور ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
قوم کے اصل محافظ
میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا "ملک و قوم کے امن اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔"
وزیر داخلہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی