بلوچستان کے مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید نے اسلام آباد میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان کے نوجوانوں کو ہنر مندی، روزگار، تعلیم، اسکل ڈویلپمنٹ اور یوتھ ڈویلپمنٹ سے متعلق پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر NAVTTC پروگرامز، یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام اور وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں بلوچستان کے حصے میں اضافے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
اجلاس میں بلوچستان کی جامعات کو ملک بھر میں قائم کیے جانے والے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے منصوبے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی تاکہ صوبے کے طلبہ کو جدید تربیتی سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہو سکے۔
دونوں جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد تجاویز پر اتفاق کیا گیا اور آئندہ عملی تعاون اور مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی گئی۔