میری ٹائم سیکٹر میں بڑی پیشرفت: کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری

میری ٹائم سیکٹر میں بڑی پیشرفت: کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ڈٰیسک : وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری امور کی مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایک سال کے دوران کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری کے ساتھ محصولات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے مختصر عرصے میں کراچی پورٹ کی عالمی رینکنگ 30 درجے بہتری کے ساتھ 99 سے 69ویں پوزیشن پر آگئی ہے، جبکہ پورٹ قاسم 18 درجے چھلانگ لگا کر 74 سے 56ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ موجودہ استعداد کے مطابق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم مشترکہ طور پر سالانہ 100 ملین ٹن سے زائد کارگو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

میری ٹائم اصلاحات کے ثمرات ملکی معیشت پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گڈز ڈیکلریشن ریونیو میں 16 فیصد اور انکم ٹیکس وصولیوں میں 14 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ الیکٹرانک قانونی محصولات میں 105 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

جدید بندرگاہی سہولیات اور نظام کی بہتری کی بدولت پاکستان خطے میں ایک اہم 'ٹرانس شپمنٹ مرکز' کے طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں، مقامی جہاز سازی کی صنعت (شپ بلڈنگ) کو فروغ دینے کے لیے جہازوں کی خریداری اور اس کے خام مال پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے پورٹس، تیز کسٹمز کلیئرنس، یکساں پورٹ ٹیرف اور بہتر لاجسٹکس جیسے اقدامات سے بھی مقامی سطح پر جہاز سازی کی صنعت کو تقویت مل رہی ہے۔