معدنی شعبے میں بڑی پیشرفت: جاپانی کمپنی ’سومیٹومو‘ کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی
اسلام آباد ڈٰیسک: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملی اور سہولت کاری کے باعث پاکستان کے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی پیشکش پر معروف جاپانی کمپنی 'سومیٹومو کارپوریشن' (Sumitomo Corporation) نے پاکستان کے معدنی ذخائر اور نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان کے وسیع معدنی وسائل جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے ملک میں ان کے تحفظ، خصوصی سیکیورٹی انتظامات اور پالیسیوں کے استحکام پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
سازگار پالیسیوں اور سرمایہ کاری دوست ماحول کی بدولت پاکستان تیزی سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ بنتا جا رہا ہے، جس میں ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔