جھل مگسی: دہشتگردی کیخلاف عوام کا سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے کا عزم

جھل مگسی: دہشتگردی کیخلاف عوام کا سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے کا عزم

Oct 24, 2026|ویب ڈیسک



بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں عوام نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ نوابزادہ میر نادر علی مگسی کی سربراہی میں منعقدہ ایک بڑے قبائلی جرگے کے دوران دہشت گرد عناصر کی سرکوبی اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے 'مگسی امن فورس' کے قیام کا اعلان کیا گیا۔


اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے رکن (ایم پی اے) نوابزادہ زرین مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھل مگسی کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر کے شرپسند عناصر کو واضح اور دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد یا تخریب کار کو علاقے کے پرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔


نوابزادہ زرین مگسی کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کا قتلِ عام، لوٹ مار اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا بلوچ ثقافت اور شاندار روایات کا حصہ کبھی نہیں رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے غیور قبائلی عمائدین اور عام شہری اپنے علاقوں کو شرپسند عناصر سے مکمل طور پر پاک رکھنے اور پائیدار امن کے تحفظ کے لیے پوری طرح یکسو ہیں۔