گوادر اور لسبیلہ میں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026ء کی اختتامی تقریبات، طلبہ میں اسناد تقسیم
گوادر کے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور لسبیلہ میں آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026ء کی اختتامی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گوادر میں منعقدہ تقریب کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر نے پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔ ادھر لسبیلہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انٹرنز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
تربیتی پروگرام کے دوران طلبہ کو جدید ابلاغی مہارتوں کے ساتھ ساتھ حقائق کی جانچ پڑتال (فیکٹ چیکنگ) کا عملی تجربہ فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ آئی ایس پی آر انٹرن شپ کی تکمیل ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، جس نے ان میں قومی خدمت کا نیا جذبہ پیدا کیا۔ طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے انہیں ملکی چیلنجز کو بہتر طور پر سمجھنے، سلجھانے اور حقائق کو درست تناظر میں پرکھنے کی عملی صلاحیت حاصل ہوئی۔ انہوں نے نوجوانوں کی رہنمائی اور فکری تسکین کے لیے ایسے تعمیری پروگرامز کے تسلسل پر بھی زور دیا۔
تقاریب سے خطاب کے دوران مہمانانِ گرامی نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ جدید تعلیم اور تکنیکی ہنر سے خود کو آراستہ کریں تاکہ پاکستان، بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔