بلوچستان میں معصوم مزدور دہشت گردوں کا نشانہ بن گیا، اہلخانہ کا فوری انصاف کا مطالبہ
ماشکیل میں رزقِ حلال کی تلاش میں جانے والے بلال کا بہیمانہ قتل، سیکیورٹی اداروں سے سخت اقدام کی اپیل
کوئٹہ: بلوچستان میں معصوم اور نہتے شہریوں پر دہشت گردانہ حملوں کا سلسہ نہ تھم سکا۔ ماشکیل میں حصولِ رزق کے لیے جانے والا محنت کش مزدور بلال دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گیا۔
اس دلخراش واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کوہرام مچ گیا اور لواحقین نے حکومت اور سیکیورٹی فورسز سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مقتول کے اہلخانہ کا غم و غصہ اور حکومتی اداروں سے اپیل
مقتول بلال کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور حکومت سے انصاف کی دہائی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے اپنے بھائی کو صرف مزدوری اور روزی کمانے کے لیے ماشکیل بھیجا تھا، ہمیں کیا معلوم تھا کہ کمانے جانے والا ہمارا بھائی میت کی شکل میں واپس آئے گا۔ دہشت گردوں نے آ کر بے دردی سے فائرنگ کی اور ہمارے نہتے بھائی کو قتل کر دیا۔ ہم حکومت اور اداروں سے التجا کرتے ہیں کہ ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔"
معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت: واقعہ سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ خطے میں فعال دہشت گرد تنظیمیں، بشمول بی ایل اے، معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتی ہیں۔
لواحقین کی اپیل: متاثرہ خاندان نے ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ ان قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
سیکیورٹی خدشات: اس قسم کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان کی فضا کو تاراج کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہیں