کوئٹہ: بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) نے تعلیمی سال 2026 کے لیے شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز فل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ اعلان بی ای ای ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد خالد منڈائی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر کیا۔
اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد بلوچستان کے تمام اضلاع کے ان باصلاحیت طلبہ کی معاونت کرنا ہے جنہوں نے 2026 کے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
عارضی میرٹ لسٹ کے مطابق ہر ضلع سے ٹاپ 10 طلبہ، جن میں پانچ لڑکے اور پانچ لڑکیاں شامل ہوں گے، کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق میرٹ لسٹ متعلقہ تعلیمی بورڈز کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ تاہم ایسے طلبہ جنہوں نے اعلیٰ نمبر حاصل کیے لیکن ان کے نام عارضی فہرست میں شامل نہیں، وہ 30 جون 2026 تک بی ای ای ایف دفتر میں اسکالرشپ فارم یا اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مستحق اور ذہین طلبہ کو مالی مشکلات کے بغیر تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کرنا اور صوبے بھر میں یکساں تعلیمی مواقع کو فروغ دینا ہے۔