ایف آئی اے بلوچستان زون نے چمن بارڈر پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ 25 لاکھ روپے برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے پاک افغان سرحد چمن پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چمن بارڈر پر سخت چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا، جو مبینہ طور پر بھاری مقدار میں ملکی کرنسی غیر قانونی طور پر سرحد پار اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
کارروائی کے دوران 5 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کر لی گئی، جبکہ ملزم کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔