ناکام 'آپریشن سندور': بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا ایک بار پھر بے نقاب

ناکام 'آپریشن سندور': بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا ایک بار پھر بے نقاب

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک


بھارت نے میدان جنگ میں ملنے والی ہزیمت چھپانے کے لیے اپنے میڈیا کے ذریعے ایک بار پھر جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لیا ہے۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے 'ناکام آپریشن سندور' کی آڑ میں من گھڑت اور مضحکہ خیز دعوے کر کے حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔


دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی میڈیا اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ایک نام نہاد 'ریسرچ بک' کے ذریعے پروپیگنڈا مہم چلا رہا ہے۔ اس مذموم مہم کا بنیادی مقصد بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جانب سے کی گئی فیصلہ کن اور طاقتور کارروائی کے حقائق کو چھپانا ہے۔ بھارتی میڈیا ان رپورٹس کے ذریعے اپنی ایئر بیسز کی تباہی، سیٹلائٹ اور پاور گرڈ جام ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی طیاروں کی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔


واضح رہے کہ عالمی سطح پر بھارت کی اس خفت کو متعدد بار آشکار کیا جا چکا ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت سی این این اور الجزیرہ جیسے موقر بین الاقوامی نشریاتی اداروں نے 'آپریشن بنیان المرصوص' کے دوران بھارتی عسکری تنصیبات اور طیاروں کی تباہی کے حقائق دنیا کے سامنے رکھے تھے۔ مزید برآں، خود بھارتی عسکری قیادت بھی ماضی میں پاکستان کے ہاتھوں ہونے والے اس بھاری نقصان کا اعتراف کر چکی ہے۔


تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں شکست کے بعد اب بھارت 'پروپیگنڈا وار فیئر' کے ذریعے اپنی مسخ شدہ ساکھ بچانے کی بے سود کوششوں میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لیے مسلسل اپنے گودی میڈیا کو بطور ٹول استعمال کر رہا ہے