معرکہ 1965ء کا گیارہواں روز: سیالکوٹ کے محاذ پر دشمن کے عزائم خاک میں ملانے والے شہدا کو قوم کا سلام
ستمبر 1965ء کی جنگ کے گیارہویں روز پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع کی خاطر بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ سیالکوٹ کے تاریخی اور فیصلہ کن محاذ پر لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
سیالکوٹ سیکٹر پر ٹینکوں کی گھمسان کی لڑائی کے دوران بطور کمانڈنگ آفیسر فرائض انجام دینے والے لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان دشمن کی فائرنگ کی زد میں آ کر شہید ہو گئے۔ ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت انہیں ستارۂ جرات سے نوازا گیا۔
اسی سیکٹر پر بھارتی فوج وزیرآباد کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہی تھی، جہاں میجر ضیاء الدین احمد عباسی دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔ انہوں نے دلیرانہ حکمت عملی سے بھارتی دستوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور اپنے ٹینک پر پوزیشن سنبھالے دشمن کی مزاحمت کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا۔