"واٹس ایپ کا سنگل ٹک کبھی ڈبل نہ ہو سکا": یومِ دفاع پر کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی یادیں

"واٹس ایپ کا سنگل ٹک کبھی ڈبل نہ ہو سکا": یومِ دفاع پر کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی یادیں

Sep 6, 2026|ویب ڈیسک

1: "واٹس ایپ کا سنگل ٹک کبھی ڈبل نہ ہو سکا": یومِ دفاع پر کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی یادیں

اسلام آباد — "ہمارے شہداء، ہمارا فخر" کے عنوان سے پوری قوم 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء پورے عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ان غازیوں اور شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جنہوں نے مٹی کا قرض اپنا لہو دے کر اتارا۔ انہی عظیم سپوتوں میں کیپٹن حمزہ اکرم شہید بھی شامل ہیں جنہوں نے 7 اگست 2026 کو دہشت گردوں کے خلاف ایک کٹھن آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔


یومِ دفاع کے موقع پر کیپٹن حمزہ کے اہل خانہ نے اپنے بہادر بیٹے اور بھائی کی یادیں شیئر کیں، جو ہر آنکھ کو نم کر دینے کے لیے کافی ہیں۔


'گھر آتا تو لگتا جیسے عید کا چاند نکل آیا ہے'

کیپٹن حمزہ کے والدین کے لیے ان کا بیٹا فرماں برداری اور اخلاق کا پیکر تھا۔ ان کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:


"جب حمزہ چھٹی پر گھر آتا تو بالکل ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہمارے گھر میں عید کا چاند نکل آیا ہو۔ وہ ایک انتہائی صابر، فرماں بردار اور خوش اخلاق بیٹا تھا۔"


شہید کی والدہ نے اپنے لختِ جگر کی استقامت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا ہر مشکل کو خاموشی اور مسکراہٹ کے ساتھ برداشت کر جاتا تھا۔ انہوں نے دیگر ماؤں کے نام ایک ولولہ انگیز پیغام دیتے ہوئے کہا، "تمام مائیں اپنے بچوں کو وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رکھیں۔"

بہن کا دکھ اور ایک ادھورا پیغام

ایک بہن کے لیے بھائی کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہوتا ہے۔ کیپٹن حمزہ کی بہن کے مطابق، ان کا بھائی صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ ان کا بہترین دوست اور ایک انتہائی شفیق انسان تھا۔


شہادت کی خبر ملنے کے دلخراش لمحے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب وہ منحوس خبر آئی تو والد محترم نے انتہائ ضبط کے ساتھ صرف اتنا کہا کہ، "یونٹ کمانڈر کی کال ہے۔"


امید اور بے یقینی کی اس کیفیت میں بہن نے آخری بار اپنے بھائی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔


"میں نے بھائی کو واٹس ایپ پر میسج کیا، مگر وہ سنگل ٹک کبھی ڈبل ٹک نہ ہو سکا۔"


آج ہم جن آزاد فضاؤں میں پُرسکون زندگی گزار رہے ہیں، وہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید جیسے بہادر جوانوں کے مقدس لہو کی مرہونِ منت ہے۔ پوری قوم اپنے ان ہیروز کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتی ہے