گوجر خان میں یومِ دفاع و شہدا کی تقریب، 1965ء کی جنگ کے ہیروز کو خراجِ عقیدت
یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں گوجر خان میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران چونڈہ سیکٹر کے محاذ پر جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک محمد اختر شہید سمیت وطن کے تمام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں ریٹائرڈ عسکری حکام، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہدا کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے وطنِ عزیز کی سلامتی، بقا اور خودمختاری کو شہدا کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کموڈور (ر) ارشد محمود خان کا کہنا تھا کہ آج قوم جس آزاد اور خودمختار فضا میں سانس لے رہی ہے، وہ ان عظیم بیٹوں کے لہو کی مرہونِ منت ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد حیدر نے کہا کہ دفاعِ وطن کی بات ہو تو خطۂ پوٹھوہار کے بہادر جوانوں نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔
چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس زرخیز مٹی نے ہر دور میں وطن پر جان نچھاور کرنے والے سچے سپوت پیدا کیے ہیں۔ رہنما تحریکِ جوانانِ پاکستان عبداللہ حمید گل کا کہنا تھا کہ شہدا کے خون کی بدولت ہی آج قوم سر اٹھا کر باوقار زندگی گزار رہی ہے۔
رکنِ صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا کہ جب بھی مشکل وقت آیا، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور ہمارے شیر دل جوانوں نے ہر محاذ پر جرأت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔