بلوچستان حکومت صوبے میں ماؤنٹینئرنگ، اسپورٹس کلائمبنگ، ہائیکنگ، ایڈونچر ٹورازم اور کینو کائیک واٹر اسپورٹس کے فروغ کے لیے ایک جامع، پائیدار اور عملی پالیسی فریم ورک تیار کر رہی ہے۔
یہ بات محکمہ سیاحت بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں سامنے آئی، جس کی سرپرستی پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ زرین خان مگسی نے کی۔
کانفرنس سے الپائن کلب آف پاکستان کے صدر عرفان ارشد خان اور سینئر نائب صدر شہزادہ حیات اللہ خان درانی (پرائیڈ آف پرفارمنس) نے خطاب کیا۔
مقررین نے زور دیا کہ کوہ پیماؤں، ہائیکرز، ماؤنٹینئرز اور واٹر اسپورٹس سے وابستہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات، جدید تربیتی پروگرامز اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کی جائے تاکہ بلوچستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے متنوع قدرتی مناظر ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، جنہیں مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے